ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرشنا ، جعفر شریف اور جناردھن پجاری بی جے پی میں آنا چاہیں تو خوش آمدید: اشوک

کرشنا ، جعفر شریف اور جناردھن پجاری بی جے پی میں آنا چاہیں تو خوش آمدید: اشوک

Wed, 01 Feb 2017 10:55:46    S.O. News Service

بنگلورو،31؍جنوری(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کی بی جے پی میں شمولیت کے آثار کو دیکھتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر اور سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک نے کہا کہ ایس ایم کرشنا ریاست کے ایک قد آور سیاسی رہنما ہیں۔ کانگریس قیادت کے رویہ سے ناراض ہوکر پارٹی چھوڑ چکے ہیں ،اگر وہ بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو ان کا پارٹی کھلے دل سے استقبال کرے گی۔اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایس ایم کرشنا ریاست کے دیگر سیاستدانوں کی مانند نہیں ہیں۔ اگر وہ بی جے پی میں شامل ہوں گے تو ان کے ایک شیدا کی مانند وہ ان کا استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مرکز اور ریاستی سطح پر ایس ایم کرشنا ایک بے مثال سیاست دان ہیں ، ان کا شمار دیوراج ارس اور رام کرشنا ہیگڈے جیسے باوقار سیاستدانوں کی صف میں کیا جانا چاہئے۔ اشوک نے کہاکہ کانگریس نے نہ صرف ایس ایم کرشنا بلکہ دیگر سینئر سیاست دانوں سی کے جعفر شریف اور جناردھن پجاری کو بھی نظر انداز کردیا ہے۔ یہاں تک کہ سابق ریاستی وزیر امبریش بھی کانگریس قیادت سے نالاں ہیں۔ یہ تمام لیڈران اگر بی جے پی میں شامل ہوجائیں تو بی جے پی ان تمام کا خیر مقدم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ریاستی کانگریس حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے ترقیاتی عمل مفلوج ہوچکا ہے۔آج کانگریس ایک ٹوٹا ہوا گھر بن چکی ہے۔ اشوک نے مرکزی حکومت کی طرف سے کل پیش ہونے والے بجٹ سے توقعات کے متعلق کہاکہ شہر بنگلور کی ترقی کیلئے اس بجٹ میں وافر فنڈز کی فراہمی کی توقع ہے۔ اس سے قبل میئر نے یڈیورمیں نئی اسکائی واک کا افتتاح کیا ، اس موقع پر آر اشوک کے ہمراہ میئر نے بتایاکہ پرکاش آرٹس نامی کمپنی نے دو کروڑ روپیوں کی لاگت پر یہ اسکائی واک تعمیر کروایا ہے۔اس اسکائی واک پر اشتہارات سے ہونے والی آمدنی میں سے یہ کمپنی 10.8لاکھ روپے کا کرایہ اور 3.2 لاکھ روپے بطور فیس ادا کرے گی، اس موقع پر ڈپٹی میئر ایم آنند ، جنتادل(ایس) لیڈر رمیلا شنکر ، حکمران پارٹی کے لیڈر محمد رضوان نواب اور دیگر لیڈران موجود تھے۔


Share: